راولپنڈی (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر قتل کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ کے چکوال تبادلے کے بعد نئے جج کا تقرر نا ہو سکا۔
مقدمے کی سماعت ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی۔ مقدمے کی گزشتہ سماعت انسداد دہشتگری عدالت کے جج پرویز اسماعیل جوئیہ نے اڈیالہ میں کی تھی۔ عدالت نے ڈی ایس پی خیبر پختونخواہ کو ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلبی کے نوٹس جاری کیے تھے۔
اسی سماعت کے بعد پرویز اسماعیل جوئیہ کو بطور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چکوال تعینات کر دیا گیا تھا۔ نئے جج کی تعیناتی تاحال عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ جس کے باعث مقدمے کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 13 اپریل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں اب تک پانچ ججز تبدیل ہو چکے ہیں۔