امریکہ (جیوڈیسک) وائٹ ہاؤس ترجمان نے کہا ہے کہ یہ حملہ اسپتال پر ہوا جس کا ہدف وکلا کا تعزیتی اجلاس تھا، اور اُن وکلا کو نشانہ بنایا گیا جو اپنے ایک قابلِ عزت ساتھی کی موت پر سوگ کے لیے جمع تھے، جس کے باعث یہ مزید قبیح حرکت بنی
وائٹ ہاؤس ترجمان جوش ارنیسٹ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ انسداد دہشت گردی کی پارٹنرشپ جاری رہے گی۔
ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہےکہ پاکستان اور خطے میں انسداد دہشت گردی کے کام کو جاری رکھنے کے سلسلے میں امریکہ پختہ عزم سے پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ اس خوفناک خودکش حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
جوش ارنیسٹ نے کہا ہے کہ یہ حملہ ایک اسپتال پر ہوا جس کا ہدف وکلا کا تعزیتی اجلاس تھا، اور اُن وکلا کو نشانہ بنایا گیا جو اپنے ایک قابلِ عزت ساتھی کی موت پر سوگ کے لیے جمع تھے، جس کے باعث یہ مزید قبیح حرکت بنی۔
اُنھوں نے کہا کہ ہم ہلاک ہونے والے اُن 60 سےزائد افراد کے اہل خانہ اور پیاروں کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں اور درجنوں زخمیوں کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔