ملک کے مختلف شہروں میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا

Polio Campaign

Polio Campaign

لاہور (جیوڈیسک) ڈی سی او لاہور ریٹائرڈ کپٹن عثمان کا کہنا ہے کہ تین روزہ پولیو مہم کے دوران شہر کے پانچ سال سے کم عمر پندرہ لا کھ 70 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ لاہور میں آج سے تین روزہ پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے مہم میں 4200 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی سی او لاہور ریٹائرڈ کیپٹن عثمان کا کہنا تھا کہ مہم میں پانچ سال سے کم 15 لاکھ 70 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ تمام ٹاؤن ایڈمنسٹریٹرز بذاتِ خود پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مہم کا مقصد بچوں میں پولیو جیسی لاحق بیماری کا سدباب ہے۔

خیبر پختونخوا سمیت فاٹا میں تین روزہ پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ، مجموعی طور پر 43 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے 13 مختلف اضلاع میں پولیو مہم آج سے شروع ہو رہی ہے ۔ تین روز تک جاری رہنے والی پولیو مہم میں خیبر پختونخوا کے 34 لاکھ 42 ہزار 950 بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ اس مقصد کے لئے 8938 ٹیمیں اور 1790 سپروائزر تعینات کئے گئے ہیں۔

پولیو مہم کا دائرہ کار خیبر پختونخوا کے علاوہ فاٹا کے مختلف علاقوں تک بھی پھیلایا گیا ہے فاٹا کے 9 لاکھ 81 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے جس کے لئے 2718 موبائل، 279 فسکڈ اور 90 ٹزانزٹ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں آج انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے اور ضلع بھر کے 3 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈیرہ کی 52 یونین کونسلز میں آج سے پولیو مہم شروع ہو گئی ہے ۔ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے تین لاکھ نو ہزار آٹھ سو چالیس بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے اور اس کے لئے 306 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈی پی او یاسر آفریدی کا کہنا ہے کہ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں اور ساڑھے سات سو سے زائد پولیس اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے۔

اس کمپین کو کامیاب بنانے کے لئے 61 علماء کرام اور مقامی نمائندوں کی اکثریت رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے پانچ ہزار سے زائد آئی ڈی پیز بچے بھی انسداد پولیو مہم سے مستفید ہونگے۔