کراچی (جیوڈیسک) سٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی بنکاری تیزی سے فروغ پارہی ہے اور اس وقت ملک میں اسلامی بینکوں کے اثاثوں کی مالیت ایک کھرب روپے سے بڑھ گئی ہے، تاہم اسلامی بنکاری کے مزید فروض و ترقی کیلئے ایک جامع آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے۔
پیر کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں فنانسنگ کے اسلامی طریقہ کار سے متعلق کتابچے کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت اسلامی بینکاری کی ترقی کی شرح 30 فیصد تک پہنچ گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں یہ شرح 10 فیصد کے قریب ہے۔
ملک بھر میں اسلامی بنکاری نے کنونشنل بنکاری کا 10 فیصد کا شیئر حاصل کر لیا ہے اور مستقبل میں اس شیئر میں مزید اضافہ خارج از امکان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک ملک میں اسلامی بینکاری کے فروغ و ترقی کیلئے کردار ادا کررہا ہے، ہم سٹیٹ بینک کے تمام ڈپارٹمنٹس میں اسلامی فنانس کے علیحدہ ڈپارٹمنٹس قائم کرینگے۔