لاہور (جیوڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت آج بھی برقرار رہے گی، لاہور میں حبس رہے گا تاہم موسم کی خبر دینے والے کہتے ہیں آئندہ ہفتے سے پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں مون سون کی بارشیں باقاعدہ طور پر شروع ہو جائیں گی۔
سورج کے تیور آج بھی اچھے نہیں میدانی علاقوں میں پھر آگ برسے گی۔ لاہور میں دن بھر حبس رہے گا تاہم شام میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے مختلف علاقوں میں آج شدید گرمی پڑے گی ، جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر، بے نظیر آباد اور گھوٹکی میں سورج آگ برسائے گا۔
بلوچستان کے میدانی علاقے بھی سورج کے نشانے پر ہوں گے ۔ کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم ہلکی ہلکی ہوائیں چلتی رہیں گی۔ موسم کی خبر دینے والوں نے خوشخبری سنائی ہے کہ آئندہ ہفتے سے مون سون کی باقاعدہ بارشیں شروع ہو جائیں گی۔
پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز بارشیں کا امکان ہے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب، قلات، پشاور، ملتان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز بارش ہوگی۔