محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ جمعرات سے زیریں سندھ بالائی وسطی پنجاب اور کشمیر میں پوسٹ مون سون بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے.
گرمی کے ماروں کے لئے محکمہ موسمیات نے بارشوں کی پیشنگوئی کی خوشخبری سنا دی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ گرمی کی لہر ملک کے کئی شہروں میں آئندہ دو سے تین روز تک برقرار رہے گی تاہم رواں ہفتے کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقے مغربی ہواؤں کے زیر اثر آجائیں گے۔ جس کے باعث خیبر پختونخواہ،بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہفتہ سے پیر کے دوران بارش کا امکان ہے۔
جمعرات سے جمعے کے دوران زیریں سندھ میں پوسٹ مون سون کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔ اس دوران کاشت کار حضرات احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی، دالبندین اور نوکنڈی میں اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔