راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی اسلام آباد میں بادلوں کی سورج کے ساتھ آنکھ مچولی جاری ہے، آج جڑواں شہروں، مالاکنڈ، ہزارہ، لاہور، سکھر، میر پور خاص ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
راولپنڈی اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، آج صبح جڑواں شہروں میں درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو دن کے وقت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے پیشگوئی کی ہے کہ جمعرات کو اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، بہاولپور، سکھر، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آج بھی پنجاب، خیبر پختونخواہ اور بالائی سندھ میں بارش کے ساتھ تیز گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ اس لئے کسانوں کو چاہئے کہ کٹائی کی ہوئی گندم کی فصل کی بھریاں باندھ کر کھڑا کر کے ڈھیر لگا دیں اور بھوسے کو مٹی سے ڈھانپ دیں۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی پڈعیدن میں پڑی جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جبکہ تربت، میرپور خاص 42، دادو، حیدر آباد، لسبیلا اور میٹھی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔