الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا کی 20 بڑی معیشتوں کی تنظیم کے سربراہی اجلاس میں کورونا وائرس کی ویکسین کی دنیا بھر میں یکساں اور شفاف تقسیم یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی جی 20 ممالک کی ورچوئیل سربراہی کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ہم نے عالمی سطح پر صحت عامہ کو درپیش کووڈ 19 کے خطرے سے مقابلے کے لیے اس کی تشخیص، علاج اور ویکسین کے لیے کی جانے والی تحقیق، تیاری اور پیداوار کے لیے درکار تمام مالی وسائل فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ جی 20 ممالک پوری دنیا کو کورونا ویکسین کی شفافیت کے ساتھ یکساں رسائی اور قابل خرید بنانے کے لیے کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ جی 20 ممالک کے سربراہی اجلاس میں کروونا وائرس کے باعث معاشی طور پر متاثر ہونے والے ممالک کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔ اجلاس سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے حالات کے باعث دنیا کے مستقبل کو لاحق خطرات سے مقابلے کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت ہے۔
یہ خبر بھی دیکھیے: روسی صدر کی ضرورت مند ممالک کو’کورونا ویکسین‘ کی فراہمی کی پیشکش
واضح رہے کہ جی 20 ممالک کے اجلاس ایسے وقت ہورہا ہے جب امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرچکی ہے اور عالمی سطح پر وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 5 کروڑ 77 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ 13 لاکھ 80 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے امریکی کمپنی فائزر ویکسین کی تیاری میں کام یابی کا اعلان کرچکی ہے اسی طرح چین ، روس اور دیگر ممالک اور کمپنیوں کی جانب سے بھی اہم پیش رفت کے اعلانات ہوچکے ہیں۔
دنیا میں اس حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے کہ ابتدائی طور پر یہ ویکسین امیر ممالک کو ملے گی اور غریب ممالک و طبقات اس سے محروم رہیں گے۔ جی 20 اجلاس میں اس پہلو پر غور کیا گیا اور روسی صدر نے ضرورت ممالک کو اپنے ملک میں تیار ہونے والی ویکسین فراہم کرے کی پیش کش بھی کی تھی جب کہ اجلاس کے اعلامیے میں پوری دنیا کو ویکسین کی فراہمی کے لیے اقدامات کا اعلان کیا گیا ہے۔