لاہور (جیوڈیسک) خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے عمران خان کو گالیاں دینے کی عادت ہو گئی ہے، عمران خان نے اوکاڑہ میں ہم پر جھوٹے الزام لگائے، ان کا رویہ سیاسی مخالف نہیں سوتن جیسا ہے۔ انہوں نے کہا عدلیہ سے ہمارا کوئی اختلاف نہیں ہے، قانون کے خلاف فیصلہ آتا ہے تو اس پر بات کرنا ہمارا حق ہے، ریمارکس پاس کرتے ہوئے عہدوں کا خیال رکھا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفق نے جاتی امراء میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ساڑھے 4 سال سازشوں کا سامنا کیا اور ہم پر الزامات لگائے گئے، ملک میں احتساب کا گھناؤنا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ایاز صادق نے کچھ محسوس کر کے بیان دیا ہے تو اس میں بہت وزن ہے، ہم سب مل کر آگے بڑھ سکتے ہیں، ادارے اپنے دائرہ میں رہ کر کام کریں تو ترقی جاری رہتی ہے۔
سعد رفیق کا کہنا تھا 18 ویں ترمیم کے بعد صوبوں کے اختیارات میں اضافہ ہوا، سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے جواب مانگ رہے ہیں، دیکھنا ہو گا کارکردگی کس حکومت کی بہتر ہے؟۔ انہوں نے کہا جہانگیر ترین کے معاملے میں جےآئی ٹی بنی نہ مانیٹرنگ جج مقرر کیے، پی ٹی آئی کو کلین چٹ پر سوالات اُٹھتے ہیں، نواز شریف کو تنخواہ لینے کے الزام میں نا اہل قرار دیا گیا۔