ملک بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ ہر طرف سبز ہلالی پرچموں اور جھنڈیوں کی بہار ہے۔ پاکستانی بیجز اور گرین کیپس کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستانی قوم ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن آزادی جوش و ولولے سے منانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
اسلام آباد ،کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے بازار قومی پرچموں، جھنڈیوں اور بیجوں سے سجی ہوئی ہیں۔ اہم سرکاری اور نجی عمارات کو قومی پرچم والی جھنڈیوں، جھنڈوں اور برقی قمقموں سے سجایا جا رہا ہے۔ بازاروں میں جشن آزادی کے اشیا کے مختلف اسٹالز لگے ہوئے ہیں اور بچے رنگ برنگی جھنڈیاں، بیجز، ٹوپیاں اور قومی پرچم والی شرٹس خریدنے میں مصروف ہیں۔
بازاروں میں کوئی لہراتے ہوئے پرچم اور ملی نغموں کی دھنوں نے جشن آزادی کے ماحول کو گرما دیا ہے۔ پرچم کشائی کی تقاریب کے انعقاد کی تیاریاں عروج پر ہیں جبکہ مختلف سرکاری، نیم سرکاری اورتعلیمی اداروں، سیاسی جماعتوں، این جی اوز سمیت مختلف تنظیموں کی طرف سے تقریبات اور سیمینار کا انعقاد کیا جائیگا۔