اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں سرکاری حج اسکیم کے تحت پہلے آیئے، پہلے پائیے کی بنیاد پر حج درخواستوں کی وصولی آج سے شروع ہو گئی ہے۔ رواں برس سرکاری حج اسکیم کے تحت 56 ہزار 684 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ وفاقی حکومت نے تمام کی ٹیگریز کو ختم کرتے ہوئے صرف ایک ہی کیٹیگری کے تحت حج درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کے تحت عازمین کو لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے 2 لاکھ 72 ہزار 731 روپے جبکہ کراچی اورسکھر سے 2 لاکھ 62 ہزار 731 روپے نقد جمع کرانا ہوں گے۔ اس کے علاوہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کی میعاد کم ازکم 31 مارچ 2015 تک لازمی قراردی گئی ہے۔
سرکاری اسکیم کے تمام عازمین مناسک حج کی ادائیگی کے 5 دن کے دوران منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں سفر کے لئے خصوصی ٹرین استعمال کریں گے۔ اس کے سفری اخراجات کے طورپر 250 ریال اس پیکیج میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہر حاجی کے پاس سعودی عرب میں تقریباً 40 دن قیام کے دوران روزمرہ اخراجات کے لئے کم ازکم 2 ہزار ریال کا انتظام ہونا بھی ضروری ہے جس کا بندوبست حاجی کوخود کرنا ہو گا۔
اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی متعدی بیماری کے مریض یا حاملہ خواتین سفر حج پر جانے کی اہل نہیں ہیں۔ روانگی سے قبل حاجی کیمپوں میں بھی عازمین کا طبی معائنہ کیا جائے گا اور ان میں بیماریوں کی علامات کی صورت میں انھیں روانگی سے روک دیا جائے گا۔