لندن (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان واپس جا رہا ہوں ، لندن علاج کرانے آیا تھا جس پر میرے مخالفین نے میرے خلاف پراپیگنڈا شروع کر دیا ، میرے مخالف ہی پراپیگنڈا کا جواب دے سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اللہ کرے دھرنا دینے والوں کو بھی پاکستان کی خوشحالی اتنی عزیز ہو جتنی ہمیں ہے ، پاکستان کی قوم دھرنا نہیں چاہتی ، ہم دنیا سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں اور اب ہم نے ترقی کا سفر دوبارہ شروع کیا ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے امید ہے جلد کمیشن بن جائے گا اور اس کے بعد پاناما لیکس کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوجائے گا ۔ پاناما لیکس نے مجھ پر کوئی الزام نہیں لگایا ، ہمارا خاندان 1972 سے شدید مشکلات کا شکار رہا ، ذوالفقار علی بھٹو نے ہمارے کارخانوں کو نیشنلائز کر لیا جس کے بعد ہمیں شدید مسائل کا سامنا رہا ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب دھرنے ہوئے تھے تو اس وقت طے ہوا تھا کہ اس معاملے کو سپریم کورٹ کے سپرد کیا جائے گا ، مخالفین میں نہ مانوں والی بات پر قائم ہیں اور اب پھر دوبارہ چند سیاستدان جو میچور نہیں ہیں وہ گند ڈال رہے ہیں ۔ خواجہ آصف نے تمام معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے ۔ امید ہے کہ جلد حقائق سامنے آجائیں گے ۔