لاہور (جیوڈیسک) لاہور جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ مرکز اور پنجاب میں چالیس چور مسلط ہیں، بندوق کی نوک سے شریعت قائم ہو سکتی ہے نہ ہی امن، ملک میں تبدیلی کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہی ہیں۔ منصورہ لاہور میں شباب ملی کے زیر اہتمام لیڈر شپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان سے مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ ہے اور اسے کامیاب نہیں ہونے دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان نے شریعت نافذ کرنی ہوتی تو اب تک کر چکے ہوتے، اگر مجھے دس پندرہ ہزار جانثار مل جائیں تو نیٹو سپلائی بند کرا دوں۔ منور حسن نے کہا کہ بندوق کے زور پر شریعت قائم ہو سکتی ہے اور نہ ہی امن قائم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پہلے کہا کرتے تھے کہ ملک پہ چالیس چور قابض ہیں مگر اب وہی چور حکومت میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ،اگر ہم کراچی میں بائیکاٹ نہ کرتے تو لاشیں گرتی ، ملک میں انقلاب اور تبدیلی کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہی ہیں۔