اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آئندہ چند روز کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے میدانی علاقوں جعفرآباد،نصیرآباد، جھل مگسی ، بولان اور سبی میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے۔
گرمی کے باعث لوگ گھروں تک محصور ہو گئے ہیں۔ جبکہ کاروباری مراکز بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ صبح سے سے رات گئے تک گرم ہوائیں چلنے سے لوگ پریشان ہیں۔ اندرون سندھ تو حال اور بھی برا ہے۔
شکار پور،سکھر لاڑکانہ میں شہری آگ برساتے سورج سے بے حال ہوگئے ہیں۔ پنجاب کے میدانی علاقوں ملتان ، رحیم یار خان ، بہاولپور ، بہاولنگر ، ساہیوال ، اوکاڑہ اور لاہور بھی گرمی بتدریج بڑھ رہی ہے۔ البتہ خیبر پختوخو کے بیشتر علاقوں میں موسم آبر آلود ہے۔گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی تربت میں پڑی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔