کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے کراچی میں ہونے والے اجلاس میں شرکا کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں کورونا کی چوتھی لہر چھٹے ہفتے میں داخل ہوچکی ہے اور اب ملک میں کوونا کیسز میں کچھ کمی آئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی میزبانی میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا مشترکہ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں وفاقی وزیر اسدعمر، لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان، وزیراعظم کے معاون خصوصی سی پیک خالد منصور، میجر جنرل محمود اور ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر نے شرکت کی۔
دورانِ اجلاس ملک میں کورونا کی موجودہ صورتحال پرشرکا کو بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ سندھ میں 13 فیصد کیسز ہیں جب کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں کیسز سست روی سے بڑھ رہے ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کراچی میں 21 فیصد کیسز ہیں جن میں 3 فیصد کمی آئی ہے، ملک بھر سے آنے والے کیسز میں سے 67 فیصد کیسز کراچی، لاہور، اسلام آباد ، پشاور ، راولپنڈی اور حیدرآباد سے آرہے ہیں جب کہ کراچی میں 1210 مریض تشویشناک حالت میں ہیں جو ملک میں سب سے زیادہ ہے، کراچی میں اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے 31 جولائی سے 8 اگست تک کورونا پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔