لاہور: سربراہ تحریک صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ ملکی حالات کو سقوط ڈھاکہ کے خاکہ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے باہمی اتحاد و اتفاق ہی سے ملک کی حفاظت ممکن ہے سقوطِ ڈھاکہ کے المیہ سے عبرت حاصل کی جائے۔
بھارت نے کل بھی شرانگیزی کی اور آج بھی کر رہا ہے ۔انتہا پسند ہندو تنظیم بجرنگ دل کی اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہے۔ مسلمانوں کو جبری طور پر ہندو دھرم میں لانے کے نتائج بھارت پر زلزلہ طاری کر سکتے ہیں۔
اس سے ہندوستان کے پاکستان اور پوری اسلامی دنیا سے تعلقات بری طرح متاثر ہونگے ہندوستان یہ سمجھ لے کہ اسلام ایک خوشبو ہے۔جسے شکنجوں میں جکڑا نہیں جا سکتا سر زمینِ ہند میں گلشنِ اسلام کا وجود کسی کے جبر کا نہیں رحمت خداوندی کا نتیجہ ہے۔
بھارتی وزراء کے اشتعال انگیز بیانات سے خطے کا امن تباہ ہو سکتا ہے ۔ پاکستان کے بارے غلط فہمی کا شکار قوتیں جان لیں پاکستان مِٹنے کے لیے نہیں اللہ کے فضل سے قیامت تک قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔