ملک میں کورونا سے مزید 28 اموات، 1286 کیسز رپورٹ

Coronavirus Test

Coronavirus Test

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 28 افراد انتقال کرگئے اور 1200 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33319 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1286 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت آنے کی شرح 3.6 فیصد رہی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 11914 ہوگئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 53128 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 32514 ہے۔

اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1198 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 508700 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 250043 ہوگئی ہے جب کہ 4066 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 160162 ہے اور 4854 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18849 اور ہلاکتیں 196 ہوچکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 68180 اور 1948 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 9160 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 270 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4915 اور 102 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 41819 ہے اور اب تک 478 مریض انتقال کرچکے ہیں۔