اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 52 افراد انتقال کر گئے جب کہ 1500 سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 37998 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1579 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 52 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 13128 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 87014 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 17117 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1527 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 556769 ہوگئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 259164 ہوگئی ہے جب کہ 4405 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 175051 ہے اور 5510 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19097 اور ہلاکتیں 200 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 73258 اور 2099 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 10409 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 308 افراد انتقال کرگئے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4957 اور 102 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 45078 ہے اور اب تک 504 مریض انتقال کر چکے ہیں۔