ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 234509 تک جا پہنچی، 4839 افراد جاں بحق

 Corona Patients

Corona Patients

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 509 تک جا پہنچی ہے جب کہ 4839 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 24 ہزار 577 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک مجموعی طور پر 14 لاکھ 45 ہزار 153 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 691 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 509 تک جا پہنچی ہے۔

سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ مصدقہ مریض ہیں جن کی مجموعی تعداد 96 ہزار 236 ہے، پنجاب 82 ہزار 669، خیبر پختونخوا میں 28 ہزار 236، بلوچستان میں 10 ہزار 841، اسلام آباد میں 13 ہزار 557، گلگت بلتستان میں ایک ہزار587 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار383 افراد متاثر ہیں۔

ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 957 ہو گئی ہے جب کہ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 94 ہزار 713 ہے۔

ایک جانب کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں اس وائرس کے ہاتھوں لقمہ اجل بننے والے بھی بڑھ رہے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 77 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد اس وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 4839 ہو گئی ہے۔ پنجاب میں ایک ہزار 899 افراد کورنا وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ سندھ میں ایک ہزار572، خیبرپختونخوا میں ایک ہزار38، بلوچستان میں 124، اسلام آباد میں 140، آزادکشمیر میں 36 اور گلگت بلتستان میں 30 کورونا مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اوروہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔