ملک میں کورونا سے آج مزید ایک ہلاکت، کل ہلاکتیں 135 اور کیسز 7027 ہو گئے

Coronavirus in Pakistan

Coronavirus in Pakistan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 135 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 7027 تک پہنچ گئی۔

ملک میں ہونے والی 135 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ سندھ میں 45 اور خیبرپختونخوا میں 45 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 36 ، بلوچستان میں 5 ، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز جمعہ ملک میں کورونا کے مزید 9 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہلاکت بھی سامنے آئی ہے۔

آج اب تک اسلام آباد میں 9 کیسز اور پنجاب میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا کے مزید 9 کیسز سامنے آئے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 154 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے صرف ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

پنجاب
پنجاب میں آج کورونا وائرس سے اب تک مزید ایک ہلاکت سامنے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کی گئی ہے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ پنجاب میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 3276 ہے۔

صوبائی حکوم کے مطابق پنجاب میں تفتان سے آنے والے 701 زائرین، 1257 رائے ونڈ تبلیغی اجتماع کے ارکان، 91 قیدی اور 1227 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

واضح رہے کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 630 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ
سندھ میں جمعرات کو کورونا وائرس کے مزید 340 کیسز سامنے آئے اور 4 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2008 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 45 ہوگئی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 16 افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 576 ہوگئی ہے۔

بلوچستان
بلوچستان میں بروز جمعرات کورونا کے مزید 25 کیسز اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 305 ہوگئی ہے جب کہ 5 افراد وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے بلوچستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی۔

گزشتہ روز لیاقت شاہوانی نے مریضوں کی مجموعی تعداد 281 بتائی تھی تاہم رات گئے ایک کیس کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اسے مجموعی کیسز سے ہٹادیا گیا تھا اور یوں کُل تعداد 280 ہوگئی تھی۔

ادھر صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں کورونا کے 142 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں جمعرات کو 81 نئے کیسز اور 3 اموات سامنے آئیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 45 ہوگئی جب کیسز کی مجموعی تعداد 993 ہوگئی۔

صوبے میں مہلک وائرس سے جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 205 ہوچکی ہے۔

آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے جمعرات کو کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا البتہ بدھ کو کورونا کے مزید 3 کیسز سامنے آئے تھے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 46 ہوگئی ہے تاہم اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔

گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 245 ہو گئی۔

گلگت بلتستان میں اب تک 183 افراد صحتیاب ہوگئے ہیں جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد صرف 59 رہ گئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال

‘پاکستان میں کورونا کے 58 فیصد کیسز ایک دوسرے سے منتقل ہوئے‘
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے 58 فیصد کیسز مقامی طور پر ایک دوسرے میں منتقل ہوئے۔

کرونا وائرس عالمی سازش یا ایک تلخ حقیقت
جب سے یہ وبا پھیلنا شروع ہوئی ہے تب سے ایک افواہوں کا بھونچال آیا ہوا ہے۔ ایک کہانی کے بعد دوسری کہانی گھڑی جاتی ہے۔ خاص طور پر سوشل میڈیا نے ان کہانیوں کو پختہ کردیا ہے لہٰذا آئیے ایسے ہی کچھ سازشی مفروضوں پر روشنی ڈالتے ہیں۔

کورونا ہلاک ہونے والے شخص کی لاش میں کتنی دیر تک زندہ رہ سکتا ہے؟
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کووڈ-19 یعنی جان لیوا کورونا وائرس متاثرہ مریض کی لاش میں چند گھنٹے تک زندہ رہ سکتا ہے۔

کراچی میں کورونا وائرس سے بڑے پیمانے پر اموات کی خبریں غلط
کراچی میں کورونا وائرس سے بڑے پیمانے پر اموات کی خبریں غلط نکلیں، جیو نیوز کی تحقیق کے مطابق کراچی میں گزشتہ ایک ماہ میں ہونے والی تمام اموات کی وجہ کورونا نہیں۔ مزید پڑھیں۔۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع
حکومت نے کورونا وائرس کے بعد ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں مزید 2 ہفتے کی توسیع کا اعلان کردیا۔

تاہم تعمیراتی صنعت کے ساتھ کیمیکلز مینوفیکچرنگ پلانٹس، ای کامرس، پیپر، سیمنٹ، فرٹیلائزرز، مائنز، منرلز، لانڈری ، ڈرائی کلیننگ اور دیگر انڈسٹریز کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کورونا کے باعث پنجاب میں رمضان بازار نہیں لگیں گے
کورونا وائرس کے پیش نظر پنجاب میں صوبائی حکومت نے رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم رمضان میں عوام کو براہ راست ریلیف دینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ
وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔

ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر ٹرین سروس رمضان تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع
حکومت نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کردی ہے۔

ترجمان ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم جاری کردیا ہے۔

25 اپریل تک تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
حکومت نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی ہے جس میں 25 اپریل تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

حکومت کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں رواں ماہ کے اختتام تک متوقع کیسز سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے عام،سنگین اورتشویشناک کیسز کی متوقع تعداد سےبھی سپریم کورٹ کو آگاہ کر دیا ہے۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔