کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو جس تیز رفتاری سے آگے بڑھنا چاہیے تھا اس تیز رفتاری سے نہیں بڑھا لیکن اب اللہ کا کرم ہے پاکستان درست راستے پر لگ گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں جہاں انہوں نے شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزرا اور دیگر بھی شریک تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو جس تیز رفتاری سے آگے بڑھنا چاہیے تھا اس تیز رفتاری سے نہیں بڑھا لیکن خوشی ہے ہم ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیساکھی پر چلتے ہیں تو کمزوری آجاتی ہے، اب اپنے پیروں پرکھڑا ہونے کی کوشش ہو رہی ہے، اللہ کا کرم ہے پاکستان صحیح راستہ پر لگ گیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا ریکارڈ خسارہ کم سے کم ہوگیا ہے، ہم منی لانڈرنگ روکنے کی کوشش کررہے ہیں، کوشش ہے غیر قانونی طور پر ڈالر ملک سے باہر نہ جائیں، پوری دنیا میں کرپٹ حکمران پیسے ملک سے باہر بھیجتے ہیں،یہ سب ہماری کارکردگی ہے اپنے ملک کا پیسا بچانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں برآمدات کی بجائے درآمدات کو ترجیح دی گئی، اب ہم اپنی برآمدات بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔