لاہور (جیوڈیسک) آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پرویز مشرف نے کہا ہے کہ گزشتہ سال سے پاکستان میں کرپشن اور کمیشن مافیا کا راج ہے جس سے خوشحالی نہیں آ رہی، حالات بد سے بدتر ہیں، قوم کو سوچنا چاہیے کہ وہ ان کرپٹ لوگوں سے نجات حاصل کرنے کیلیے اپنا جمہوری کردار ادا کریں تاکہ یہ لوگ 2018 کے عام انتخابات کامیاب نہ ہو سکیں۔
اے پی ایم ایل پنجاب کے ورکرز کنونشن سے ٹیلفونک خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وطن عزیز میں نااہل لیڈرشپ کی وجہ سے ملک کے حالات شدید ہیں، اب تبدیلی کا وقت ہے باریاں لینے والوں سے جان چھڑائی جائے۔ اس موقع پر مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر امجد و دیگر رہنمائوں نے کہا کہ ہمارا منشور غربت کا خاتمہ ہے۔
اسے عملی جا مہ پہنانے کیلیے آل پا کستان مسلم لیگ آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے کر اقتدار میں آئے گی۔ دریں اثنا عبدالرشیدغازی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے جو 20 فروری کو سنایا جائیگا۔
ہفتے کو عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن کی عدالت میں ہوئی۔