رحیم یار خان (جیوڈیسک) ملک میں روئی کی آمد بڑھ گئی، گزشتہ سیزن کے اِسی عرصے کے مقابلے میں حجم تیرہ لاکھ بیلز زائد رہا۔ پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں روئی کی آمد ایک کروڑ ، پینتالیس لاکھ، بیلز رہی، گزشتہ مالی سال کے اِسی سیزن میں پیداوار ایک کروڑ بتیس لاکھ بیلز تھی۔
ٹیکسٹائل ملوں نے ایک کروڑ انتیس لاکھ بیلز خریدیں۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے کاشتکاروں سے چورانوے ہزار بیلز خریدیں۔
اِس عرصے میں چار لاکھ تریسٹھ ہزار بیلز دیگر ممالک برآمد کی گئیں۔ ملک میں اس وقت 202 جننگ فیکٹریاں کام کر رہی ہیں۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق موافق موسمی حالات کے سبب کپاس کی فصل بہتر رہی۔