کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہا کہ بحرانوں سے نجات کیلئے حکمرانوں کو بیان بازی کے بجائے اقدامات پر توجہ دینی ہوگی، بڑھتی ہوئی بے روزگاری، لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا جبکہ اب پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کر کے مزید مہنگائی کے دلدل میں دھکیلا جا رہا ہے۔ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، مہنگائی، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی ودیگر مشکلات نے عوام کی زندگیاں اجیرن کر دی ہیں۔
حکومت سوائے بیان بازی اور فوٹوسیشن کے کچھ کرتی ہوئی نظر نہیں آ رہی، ہر مسئلہ پر کچھ دن بیان بازی اور شور شرابے کے بعد خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے اور بھول جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی جس کے فوائد سے عوام کو محروم رکھا گیا اور اب پیٹرول دوبارہ مہنگا کر کے حکومت نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ نے اب تک نہ تو کرایوں میں کمی کی اور نہ ہی خورونوش کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی گئی، جس کے باعث غریب عوام غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو لیاقت علی خان کے بعد سے کوئی مخلص حکمران نہیں ملا جو بھی آیا وہ ملک کو مشکلات میں دھکیلتا رہا ہے۔
غریب عوام، پانی، بجلی، گیس سے بنیادی حقوق سے محروم اور حکمران اپنی تجوریاں بھرتے رہے 68 سالوں میں الیکشن سے قبل کیے وعدوں پر ایک فیصد بھی عمل کرتے تو آج یہ حالت نہ ہوتی۔
علاوہ ازیں مفتی محمد نعیم نے حلقہ 246 کے ضمنی انتخابات کی کمپیئن کے موقع پر تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان صبر و تحمل سے کام لیں، کرسی کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بنائیں اقتدار اللہ کی دین ہے۔