مصطفی آباد/للیانی (نامہ نگار) ملکی تاریخ میں پہلی بار سیاسی اور فوجی قیادت میں مثالی اتفاق رائے پایا جا رہا ہے اور بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں’ قومی ایکشن پلان کے 20 نکات بیماری کا نسخہ ہیں’ تمام انتہا پسند جماعتوں کے پھلنے پھولنے کے راستے بند کردیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سنیئر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ تحصیل قصور حاجی محمد سلیم شہزاد میئو نے اپنے ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کو فوری اور سخت ترین سزائیں دینے کے لئے قومی اسمبلی میں پیش کردہ نئی ترامیم پر تمام سیاسی و فوجی قیادت کا اتفاق رائے ہے جو آنے والے وقتوں میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ پہلی بار تمام لوگوں نے ایک چھت کے نیچے اتفاق رائے سے فیصلے کئے ہیں۔ ایسی ہم آہنگی کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
ملکی مفاد کو مدنظر رکھ کر سیاسی و فوجی قیادت نے فیصلے کئے ‘خصوصی عدالتوں کا دائرہ کار دہشتگردی کے مقدمات نمٹانے تک ہوگا۔ ربیع الاول کی برکت سے ملک میں مثالی قومی یکجہتی دیکھنے میں آئی ہے۔