کراچی (جیوڈیسک) ملک بھر میں یوم دفاع انتہائی جوش و جذبے اور اس عزم کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم مل کر پاک سرزمین کے چپے چپے کی حفاظت کریں گی۔ 6 ستمبر 1965 کے شہداء، غازیوں اور دلیروں کو سلام پیش کرنے کے لیے ملک بھر میں یوم دفاع کی تقریبات جاری ہیں ۔ کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔
پاکستان ائر فورس اکیڈمی رسال پور کے 96 جوانوں پر مشتمل چاق وچوبند دستے نے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ائر وائس مارشل عاصم ظہیر نے گارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ لاہور میں بھی یوم دفاع جوش جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ کمانڈنگ آفیسر میجر جنرل فدا حسین کی قیادت میں آرمی کے دستے نے میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر حاضری دی۔ ان کے ساتھ میجر شبیر شریف شہید کے بیٹے تیمور شریف اور شہید کہ ہمشیرہ مسز نجمی بھی تھیں۔
مصور پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر بھی پروقار تقریب ہوئی۔ پاکستان رینجرز نے مزار اقبال پر سلامی پیش کی ، جس کے بعد گیریژن کمانڈر میجر جنرل عامر عباسی نے مزار پر پھول چڑھائے اورفاتحہ خوانی کی۔ پشاور میں کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل خالد ربانی نے یوم دفاع کی تقریبات کا افتتاح کیا۔کرنل شیرخان شہید اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریبات میں عسکری سازوسامان نمائش کے لئے رکھا ہےجبکہ پائپ بینڈ، پیرا جمپنگ، بیٹنی رقص اور ائر شو کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ شاہینوں کے شہر سرگودھا میں یو م دفاع کی تقاریب جاری ہیں۔ شہر یو ں کی طر ف سے ہلا ل استقلا ل لہر ا نے کی تقریب باغ جناح میں ہوئی۔
شہریوں کے ساتھ فوجی حکا م نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔بہاول پور گیریژن میں یوم دفاع کے موقع پر آرمی کی جانب سے اسلحے کی نمائش جاری ہے۔بورے والا میں میجر طفیل شہید کے مزار پر آرمی چیف کی جانب سے گیریژن کمانڈر اوکاڑہ بریگیڈیر محمد فاروق نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی۔ چیچہ وطنی میں کیپٹن غلام مرتضیٰ چیمہ شہید کی قبر پر بڑی تعداد میں شہریوں نے حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ کیپٹن غلام مرتضی ٰ نے 65 کی جنگ میں بےمثال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہادت کا اعزاز حاصل کیا تھا۔