اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم دفاع پاکستان اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ اگر ارض پاک کی طرف دشمن نے میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھیں نکال لیں گے۔
صبح کا آغاز وفاقی دار الحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دار الحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر میں اللہ رب العزت کے حضور سر بہ سجود ہونے کے بعد ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
یوم دفاع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ رینجرز کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ گیریژن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔ دوسری جانب میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر) راحیل شریف نے میجر شبیر شریف شہید کی قبر پر فاتحہ خوانی کی۔ صدرممنون حسین اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے قبر پر پھول رکھے گئے۔
سہالہ میں لانس نائیک محمد محفوظ شہید کے مزار پر بھی تقریب ہوئی۔ شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی ہوئی۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم دفاع کے موقع پر پروقار تقریب ہوئی۔ ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل فرخ احمد نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔
ضلع غذر میں بھی یوم دفاع پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ سب بڑی تقریب حولدار لالک جان شہید نشان حیدر کی مزار پر ہوئی، فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجر جنرل ثاقب محمو د ملک نے مزار پرحاضری دی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور شہید کی مزار پر پھول چڑھائے۔ صوبائی وزیر سیاحت گلگت بلتستان فدا خان فدا، ممبر صوبائی اسمبلی راجہ جہانزیب، شہید لالک جان کے اہل خانہ کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجرجنرل ثاقب محمو د ملک نے کہا کہ پاک فوج کی ملک کی دفاع کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، خون کے آخری قطرے تک دشمن سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان میجرجنرل ثاقب محمود ملک نے دیگر اعلی سول و عسکری حکام کے ہمراہ حولدار لالکجان شہید نشان حیدر کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی۔