اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہی کا کہنا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر ہر صورت درج کرنا ہوگی جبکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے استعفے تک کوئی بات نہیں کی جائے گی۔
چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الہی نے ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کے کنٹینر میں ملاقات کی جس میں انقلابی مارچ کی آئندہ کی حکمت عملی اور حکومت سے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ طاہر القادری سے ملاقات میں گزشتہ روز آصف زرداری سے ہونے والی ملاقات سے متعلق آگاہ کیا جبکہ ہم نے آصف زرداری کو بھی تمام مطالبات بتادیئے ہیں۔
پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا گیا اس سانحہ کی ایف آئی آر ہر صورت درج کرنا ہو گی اور شریف برادران کے استعفیٰ تک کوئی بات نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں قومی حکومت کا قیام چاہتے ہیں جبکہ استعفیٰ مانگنا آئینی بات ہے اس سے جمہوریت ڈی ریل نہیں ہو گی بلکہ شریف برادران ڈی ریل ہوں گے۔