ملک میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا رحجان برقرار

Dengue

Dengue

ملک میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کا رحجان برقرار ہے۔ سوات میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد چھ سو تجاوز کرگئی ہے جبکہ لاہور میں ڈینگی کے دو مزید کیسز سامنے آگئے ہیں۔ ملک میں ایک بار پھر ڈینگی کے مریضوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ ضلع سوات میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چھ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔

جبکہ محکمہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایک ہزار سے زائد افراد میں ڈینگی کی علامات پائی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیدو شریف اسپتال میں ایک سو بتیس مریضوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ ایک سو سرسٹھ مریض ابھی زیر علاج ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی طرف سے ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لئے اسپرے مہم جاری ہے اور اس کے لئے بارہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

دوسری جانب ڈینگی مچھر نے ایک بار پھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں ڈیرے جما لئے۔ دو اور افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد سیتالیس ہوگئی ہے۔ دونوں مریضوں کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ میو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزارسات سو چھبیس ہوگئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران انسٹھ افراد کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا۔ جن کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھجوا دیئے ہیں۔