لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے روایتی کرپٹ اور فرسودہ نظام کو تبدیل کرنا ہو گا جس کے لیے تعلیم اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیتے ہوئے نوجوان نسل کو آگے لانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ محمد ہذیر اعوان سے گفت گو کرتے ہوئے کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ محمد ہذیر نے محض پانچ برس کی عمر میں پہلا آئی ٹی پروفیشنل کورس مکمل کر کے پوری دنیا کو حیران کر دیا۔ دریں اثنا رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفت گو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے تجارت میں توازن کا قیام ناگزیر ہے اور اس مقصد کے لیے ہمیں اپنی درآمدات کو کم کر کے ملکی برآمدات کو بڑھانا ہو گا۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کے وا ئس چیئرمین میاں محسن اور پیر سید ناظم حسین نے مسائل حل کرنے کے لیے گورنر پنجاب کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔