اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے اگست کے پہلے ہفتے تک ترقیاتی منصوبوں کیلئے 48 ارب 56 کروڑ 24 لاکھ روپے جاری کیے ہیں تاہم پانی و بجلی، صحت، ہاؤسنگ اینڈ ورکس، بین الصوبائی رابطہ، پٹرولیم و قدرتی وسائل سمیت 23 وزارتوں کو کوئی رقم جاری نہیں کی گئی۔
دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے مالی سال 2015-16 کے ترقیاتی منصوبوں کیلیے اگست کے پہلے ہفتے تک 48 ارب 56 کروڑ 24 لاکھ روپے جاری کئے ہیں تاہم 23 وزارتوں کیلیے کوئی رقم جاری نہیں کی جن میں ایوی ایشن ڈویژن، کابینہ، کیڈ، تجارت، دفاعی پیداوار، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وفاقی تعلیم، وزارت خزانہ، وزارت خارجہ، ہاؤسنگ اینڈ ورکس، آئی ٹی، اطلاعات و نشریات، بین الصوبائی رابطہ، قانون و انصاف، تحفظ خوراک، قومی صحت، شماریات ڈویژن، ٹیکسٹائل، پانی و بجلی، پاکستان نیوکلئیر ریگولیٹری اتھارٹی، پٹرولیم و قدرتی وسائل، بندرگاہ و جہاز رانی، سیفران شامل ہیں۔
حکومت کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے ایک منصوبے کیلئے 17 لاکھ، مواصلات کے 28 منصوبوں کیلئے 11 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ، ڈیفنس ڈویژن کو 94 لاکھ، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے 48 منصوبوں کو 4 ارب 4 کروڑ 57 لاکھ، وزارت داخلہ کے ایک مشین ریڈایبل پاسپورٹ منصوبے کیلئے 32 کروڑ، وزارت امور کشمیر کے ایک منصوبے آزاد جموں کشمیر بلاک ایلوکیشن کے منصوبے کیلئے 2 ارب 20 کروڑ، نارکوٹکس کنٹرول کے 4منصوبوں کیلئے 1 کروڑ 30 لاکھ، پاکستان اٹامک انرجی کمشین کے 20 منصوبوں کو 2 ارب 97 کروڑ، وزارت منصوبہ بندی کے ایک منصوبے کو 12 لاکھ، وزارت ریلوے کے 29 منصوبوں کو 6 ارب 45 کروڑ 35 لاکھ، ریونیوڈویژن کے 8 منصوبوں کیلئے 5 کروڑ 76 لاکھ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے 7 منصوبوں کو 8 کروڑ 76 لاکھ، ترقیاتی بجٹ میں خصوصی پروگرام کیلئے 20 ارب 80 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔