لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) ملک کے مختلف شہروں سے یوم علیؓ کے سلسلے میں جلوس برآمد ہو گئے۔
اندرون لاہور میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا مرکزی جلوس رات گئے مبارک حویلی سے برآمد ہو ا، یہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا صبح کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ْ
جلوس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کے ساتھ ساتھ پولیس کی بھاری نفری بھی موجودہے، جلوس کے راستوں کی جانب کھلنے والی تمام گلیاں اوربازار خاردار تاریں اور قناتیں لگا کر بند کیے گئے ہیں۔
کراچی میں یوم علیؓ کی مرکزی مجلس نشترپارک میں منعقد ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا اور فضائل حضرت علیؓ بیان کیے۔
مجلس کے بعد یوم علیؓ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں، نمائش چورنگی، سی بریز پلازہ، صدر، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسنیہ ایرانیان پر اختتام پزیر ہوگا۔
مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے جب کہ جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا ہے، جلوس کی گزرگاہ میں آنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کوئٹہ میں یوم علیؓ کی مناسبت سے ہزارہ ٹاؤن میں جلوس نکالا گیا ،اس موقع علاقے کومکمل سیل کر دیا گیا پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات رہی۔