سیالکوٹ (اصل میڈیا ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں احتجاجی دھرنے ختم کر دیے گئے جس کے بعد بلاک کی گئی شاہراہوں اور ریلوے ٹریک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
سیالکوٹ اور نارووال میں مقامی انتظامیہ نے مذہبی تنظیم کے کارکنان سے مذاکرات کیے جس کے بعد سیالکوٹ کے چاند چوک پر 3 روز سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا،دھرنا ختم ہونے کے بعد ٹریفک معمول پر آگئی ہے۔
نارووال میں بھی کامیاب مذاکرات کے بعد بند ریلوے پھاٹک کھول دیے گئے ہیں جس کے بعد سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ٹرین اور لاہور سے سیالکوٹ جانے والی لاسانی ایکسپریس نارروال سے روانہ ہوچکی ہیں۔
ادھر خانیوال اور گجرات میں بھی پولیس نے احتجاج ختم کرادیے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گجرات میں احتجاج کے دوران 22 پولیس افسران اور اہل کار زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق مختلف تھانوں میں 6 مقدمات درج کیے گئے اور 50 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔