اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں کہیں بارش ہے تو کہیں گرمی، گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش اور ہلکی برفباری سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بلوچستان میں موسم گرم رہے گا۔گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ نگر کے پہاڑوں پر بارش اور ہلکی برفباری سے موسم سرد ہوگیا ہے۔ پنجاب کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش کے بعد موسم قدرے بہترہے۔
محکمہ موسمیات کے مطا بق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، بنوں، کوہاٹ، سرگودھا، ساہیوال ڈویژن اور گلگت بلتستان میں۔
چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ آئندہ دوروز کے دوران جنوبی پنجاب اور سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں چکلالہ 82 اور شمس آباد میں 56 ملی میٹر ہوئی۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔