بدین (عمران عباس) ملک بھر کی طرح ضلع بدین میں بھی عیدالاضحی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی، بدین شہر کے مختلف مقامات پر نماز عید کے اجتماع ہوئے، مسلمانوں نے سنت ابراھیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانور قربان کئے اور قربانی کا گوشت کھایا۔
ملک بھر کی طرح ضلع بدین کے مختلف شہروں ماتلی ، تلہار، گولاڑچی، ٹنڈوباگو، سیرانی، کڈھن، نندو شہر، لواری شریف کے ساتھ بدین میں بھی عیدالاضحی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی، بدین شہر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی عید گاہ نزد پیر عالیشاہ کوٹ میں ہوا جہاں پر سینکڑوں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔
اس کے علاوہ شہر کے مختلف مقامات پر نماز عید ہوئی جس میں دعوت اسلامی کا اجتماع فیضان مدینہ مسجد، خواجہ شیعہ اثنا عشری جماعت کا اجتماع مسجد زین العباد شاہنواز چوک کے علاوہ عسکری مسجد کینٹ روڈ، حنفیہ مسجد میمن محلہ، صوفی مسجد شاہنواز چوک، قطر مسجد اللہ والا چوک ، جامع مسجد سبزی منڈی اور دیگر مساجد میں عید کے اجتماع اور نمازیں ہوئیں جہاں پر علماءاکرام نے عیدالاضحی کے حوالے سے خطبے دیئے ، بعد نماز لوگوں نے سنت ابراھیمی پر عمل کرتے ہوے قربانی کے جانور قرباں کیئے اور گوشت کو مزے لے لے کر کھایا، شہر میں صفائی کا نظام بہتر تھا میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شہر بھر میں کچرا گاڑیاں چلائی گئی جنہوں نے شہر میں جمع ہونے والا کچر فوراََ اٹھا لیا۔