ملتان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک معاشی طور پر مستحکم نہیں اسی لیے تاجر طبقہ اور کسان پریشان ہیں جن کیلئے حکومت مثبت اقدامات اٹھائے۔
ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے خواہشمند ہیں لیکن افغانستان کے حوالے سے تاحال اعتماد کا فقدان ہے جس کیلئے اہم فیصلے کرنا ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے مسئلے پر حکومت کے فیصلے کے منتظر ہیں تاہم تحریک انصاف کی قیادت سے کوئی اختلاف نہیں اور جلسے میں بھی گھر پر فوتگی کے باعث نہیں جا سکا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لاہور کے باشعور شہری ضمنی انتخاب میں علیم خان کا ہی ساتھ دیں گے اور بلدیاتی انتخابات میں بھی پارٹی بھرپور انداز سے حصہ لے گی۔