ملک کو معاشی و اقتصادی طور پر خوشحال بنانے کے لیے بجلی کی پیداوار بڑھانا ایک بڑا ٹارگٹ ہے، حافظ طاہر جمیل

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی راہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے ڈنمارک کے تعاون سے پنجاب میں ونڈ انرجی کے چار میگا پراجیکٹس شروع کرنیکے معاہدہ کو وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو معاشی و اقتصادی طور پر خوشحال بنانے کے لیے بجلی کی پیداوار بڑھانا ایک بڑا ٹارگٹ ہے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ برس کے دوران وزیراعظم نوازشریف اور خادم پنجاب میاں شہباز شریف نے چین ‘ ترکی اور جرمنی کے تعاون سے بجلی پیدا کرنے کے جو منصوبے شروع کرنیکا اعلان کیا ہے’ اس کے نتیجے میں یہاں سے اندھیروں کا خاتمہ اورصنعتی پہیہ پوری قوت سے پھر متحرک ہو جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایک ہزار میگاواٹ کے ونڈ انرجی منصوبے کیساتھ شیخوپورہ’ فیصل آباد ‘ ملتان اورساہیوال میں کوئلے سے بجلی بنانے کے کارخانے لگانے اور بہاولپور میں قائداعظم سولرپارک قائم ہونے سے بھی اتنی ہی بجلی میسر آسکے گی صرف یہی نہیں بلکہ نیلم جہلم پراجیکٹ سے بھی ایک ہزارمیگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی تاکہ لوڈشیڈنگ جیسے عفریت سے قوم کی جان چھڑائی جاسکے۔