اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی ماحول کو بہتر سے بہتر بنانا چاہتے ہیں، اسلام آباد میں تعلیمی اداروں کو بسوں کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پورے ملک کے سکولوں میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے اور بہت جلد ہمارا یہ خواب بھی پورا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والا ہر طالبعلم پرسکون ہو ، انہیں دوران تعلیم کسی مشکل کا سامنا نہ ہو کیونکہ بچے من کے سچے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم کیلئے اساتذہ کی تعیناتی میں میرٹ کا خاص خیال رکھیں گے تاکہ بچے بہترین تعلیم حاصل کر سکیں۔
ہماری کوشش ہے کہ اسلام آباد کے 422 سکولوں کو ایک ایک بس ضرور فراہم کریں جس کیلئے حکومت نے فنڈز جاری کر دیئے ہیں اور بہت جلد باقی سکولوں کو بھی بسوں کی فراہمی کا آغاز ہوجائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام آباد کو ملک کا جدید اور ماڈل سٹی بنانا میرا خواب ہے اور اس مقصد کیلئے میں نے میئر اسلام آباد عنصر شیخ کو حکم دے دیا ہے کہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور کوڑا کرکٹ کی صفائی کا کام مکمل کیا جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بہارہ کہو میں بھی جلد ایک بائی پاس تعمیر کیا جائے گا تاکہ وہاں سے آنے والے بچوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو ، وزیر اعظم نے کہا کہ میں اور مریم نواز شریف تمام سکولوں کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں موجود بچوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ کیا جا سکے ، اس سے قبل مریم نواز شریف نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سکولوں کے طالبعلموں نے ان سے سفر میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کیا جس پر انہوں نے فوری طور پر اس مسئلے کو حل کرنے کا فیصلہ کیا اور وزیر اعظم سے بچوں کو بسوں کی فراہمی کیلئے درخواست کی جو انہوں نے فوری طور پر منظور کر لی اور بسوں کی خریداری کا آرڈر دے دیا۔
2017 میں ہم اسلام آباد میں مزید نئے سکول قائم کریں گے۔