اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جا رہی ہے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے سیکڑوں اجتماعات منعقد کیے جا رہے ہیں جب کہ نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
نماز عید کے اجتماعات میں کشمیر کی آزادی، امت مسلمہ کی سلامتی، خوشحالی اور ملک کی ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے فیصل مسجد اسلام آباد میں جب کہ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالا اسلام آباد میں نماز عید ادا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے ریس کورس پارک جب کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے لیاقت باغ میں نماز عید الاضحی ادا کی۔
سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مظفرآباد آزاد کشمیر میں نماز عید ادا کی ہے۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی ادائیگی کے سلسلے میں جانوروں کی قربانی کی گئی۔