کراچی (جیوڈیسک) میلاد البنی کی تیاریاں اور محافل کے انعقاد میں بڑے ہی نہیں بچے بھی جوش وخروش سے حصہ لیتے ہیں۔ ہلال ربیع الاول نوید مسرت بن کرآتاہے اورمحبان حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قلوب و اذہان محبت و مسرت سے لبریز ہو جاتے ہیں۔
کہتے ہیں کہ اس ماہ ذی شان میں مصطفیٰ جان رحمت پر درود وسلام کا جتنا وِرد کیا جائے باعث برکت ہے۔ رحمت اللعالمین کی ولادتِ باسعادت کی خوشی سے بڑھ کر اور کیا خوشی ہو سکتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہر عمر کے افراد چاہت کا والہانہ اظہار کر رہے ہیں، شمع رسالت کے پروانے ننھے منے بچے بھی گھروں، اور محلوں کو سجانے میں مگن ہیں۔
بچوں کے دلوں میں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا جذبہ ان کے چہروں سے عیاں ہے۔ ماہ ربیع الاول کی تیاریوں میں بڑے تو بڑے بچے بھی پیش پیش ہیں، معصوم پھولوں کا کہنا ہے کہ یہ دن ان کے لئے سب عیدوں سے بڑھ کے ہے اور یہی وجہ ہے کہ نبی کریم کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کرکے ماہ مبارک کی برکتیں سمیٹ رہے ہیں۔