راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت سیکورٹی اجلاس ، شرکا نے پاکستان دشمن ایجنسیوں اور سہولت کاروں کو پاکستان کے لیے مسائل پیدا کرنے کی اجازت نہ دینے کا عزم، اجلاس میں ڈرون حملے کو ملکی سالمیت پر حملہ اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو بے مثال قرار دیا گیا۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، مشیر قومی سلامتی امور طارق فاطمی ، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاک افغان تعلقات ، خطہ کی سیکورٹی کی صورتحال اور ڈرون حملے میں ہلاکت کے بعد پیدا صورتحال بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں شرکاء نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو بے مثال قرار دیا اور کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کے اثرات کے فائدہ اٹھانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا ۔ شرکا نے خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے استحکام اور ترقی کے خلاف ہونے والی سازشوں کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا پاکستان دشمن خفیہ ایجنسیوں اور سہولت کاروں کو پاکستان میں مشکلات پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شرکا کا کہنا تھا کہ ڈرون حملہ ملک کی سالمیت کے خلاف تھا ، ڈرون حملے کے نتیجے میں افغان امن عمل متاثر ہوا ۔ شرکاء نے اہم قومی مفادات ہر حال میں تحفظ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی بھی منفی ، غیر ملکی اثرات کو ہر حال میں زائل کیا جائے گا۔