اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے متعلقہ وزراء اور حکام سے ملک میں زیرِ تکمیل توانائی کے منصوبوں کی تازہ صورتحال سے متعلق ہر 15 روز بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت توانائی بحران سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ، جس میں وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف، وزیرپیٹرلیم شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں جاری توانائی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جناب نواز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے رواں سال گزشتہ 10 سال کے مقابلے میں بہترین رہا ہے جس میں بہت سے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ۔اگر ملک میں جاری توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہوجائے تو پاکستان میں جاری لوڈشیڈنگ کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کی پیداوار بڑھنے سے صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور ملک معاشی ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہوگا۔