ملک کے نامور گلوکار راحت فتح علی خاں الجھن میں پڑ گئے

 Rahat Fateh Ali Khan

Rahat Fateh Ali Khan

لاہور (جیوڈیسک) شہرہ آفاق قوالی دم مست قلندر مست مست، دل مر جانے نوں کیہہ ہویا سجناں، سن چرخے دی مٹھی مٹھی کوک اور دیگر گیتوں کو پنجابی زبان کے شاعر بری نظامی نے تخلیق کیا۔

شہرہ آفاق استاد نصرت فتح علی خان کے بعد ملک کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان نے بھی گایا اور خوب شہرت کمائی۔

شاعر بری نظامی کے بیٹوں شیخ عقیل بری اور شیخ جمیل بری نے ان قوالیوں اور گیتوں کی رائلٹی نہ دینے پر راحت فتح علی خان کو پانچ کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھجوایا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ راحت فتح علی خان ان کے والد کے کلام کو گا کر شہرت کی بلندیوں کو پہنچ رہے ہیں اور شہرت کے ساتھ دولت بھی خوب سمیٹ رہے ہیں لیکن رائلٹی کی مد میں انہیں کچھ نہیں دیا گیا۔

بری نظامی نے یہ کلام صرف استاد نصرت فتح علی خان کو دیا تھا۔ راحت فتح علی خان کو نوٹس کے ذریعے متنبہ کیا گیا ہے کہ دس روز کے اندر پانچ کروڑ روپے ادا نہ کئے گئے توان کو سول اور کریمنل مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا۔