راولپنڈی (جیوڈیسک) ملک کی پہلی “ای” عدالت نے کام شروع کردیا جس کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک موجود گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہوں گے۔
راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں مضاربہ کیس کی سماعت کے دوران گواہان کے آن لائن بیانات ریکارڈ کئے گئے۔ سکھر، کراچی اور ہری پور سے 4 گواہان کے اسکائپ کے ذریعے بیانات ریکارڈ کئے گئے جس کے بعد عدالت نے مضاربہ کیس کے ملزم محمد ارشد پر فرد جرم عائد کردی۔
“ای” عدالت کے جج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سہیل ناصر نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ “ای” عدالت کا قیام ایک اچھا فیصلہ ہے اور نیب کا قانون گواہان کے آن لائن بیان ریکارڈ کرنے کی اجازت دیتا ہے جب کہ دنیا بھر میں گواہان کے آن لائن بیانات ریکارڈ کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گواہان کے اندرون اور بیرون ملک سے بغیروقت ضائع کئے بیان ریکارڈ کئے جاسکیں گے اور بیمار اور معذور گواہان کے لئے بھی یہ سہولت دستیاب ہوگی۔