کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ ملک و قوم کی فلاح و بہبود اور ترقی کا دار و مدار اتحاد پر ہوتا ہے،منبرو محراب کے درست استعمال سے ہی امت مسلمہ کے تفرقات کا خاتمہ ممکن ہے، دشمن قوتیں ہمیں باہم لڑا کراپنے مذموم مقاصد کی تکمیل چاہتی ہیں۔
مسلمانوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ، مساجد کو دین اسلام میں انتہائی اہمیت حاصل ہے ،حضور کے زمانے میں معاشرتی زندگی کے تمام درپیش مسائل کا حل مساجد ہی میں ہوا کرتا تھا۔ منگل کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن میں وفاق المساجد کے اجلاس سے گفتگوکرتے ہوئے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے کہاکہ ائمہ مساجد تفرقہ بازی ، قومیت پرستی اور سیاسی نظریوں سے ہٹ کر خالص دین اسلام کی ترویج کیلئے کام کریں۔
نسل نو ممبرومحراب سے دور اورلغویات میں مبتلاہورہے ہیں دن بدن معاشرتی برائیوں میں اضافہ معاشرے کو نقصان پہنچارہاہے ، سدباب کیلئے ائمہ مساجد کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے کہاکہ ممبرو محراب ایک بڑی طاقت ہے جس کے سامنے دنیا کا کوئی تخت شاہی کچھ بھی نہیں ہے اس لیے ائمہ اکرام مساجد میں عوام الناس بالخصوص نسل نو کی دینی وملی تربیت پر توجہ دیں دعوت میں جارحانہ انداز اپنانے کے بجائے بصیرت اور حکمت کا انداز اپنائیں،خطبات میں شعلہ بیانی اور رواتی انداز کے بجائے علمی انداز اپنائیں جس کے معاشرے پر مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ وطن عزیز کی موجودہ حالات کے ذمہدار حکمران ہیں جنہوں نے کبھی لسانیت تو کبھی فرقہ واریت کے ذریعے ملک کو نقصان پہنچایا اور ہر دور میں تفرقات کی ذمہ داری علماء کرام پر عائد کی گئی آج بھی دہشت گردی کی بات جب بھی ہوتی ہے تو مدارس کو نشانہ بنایا جاتاہے ،انہوں نے کہاکہ ائمہ مساجد ملکی عوام کو باہم متحد اور تفریقات کے خاتمے کیلئے اہم رول ادا کرسکتے ہیں ، کیونکہ مساجد اسلامی معاشرت نشوونما اور علم دین کی اشاعت کا بہترین مراکز ہے۔