کراچی (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ ملک میں جنگل کا قانون ہے ملزموں کو سزائیں نہیں ملتیں جبکہ کوٹ رادھا کشن واقعے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا تاہم اسے ٹیسٹ کیس بنائیں گے۔
کراچی میں کی پیرپگارا ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ملک شدید بحرانوں کا شکار ہے جس کے حل کے لئے سیاسی جماعتوں کو بلدیاتی انتخابات کی طرف آنا چاہیئے لیکن کوئی سیاسی جماعت لوکل گورنمنٹ الیکشن کی جانب نہیں آرہی اس وقت ایشو یہ ہے کہ انتخابات شفاف ہونے چاہییں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بحرانوں سے دوچار ہے اس لئے سیاستدانوں کو لچک دکھانے کی ضرورت ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی انکوائری کمیٹی کا تعلق پنجاب سے نہیں، اگر سپریم کورٹ کا پینل بن جاتاتوسانحہ ماڈل کےحقائق سامنے آجاتے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے ملک سے دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ کر دیں گے جب کہ حکومت ملک کو ترقی کی جانب لے جانے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔