ملک بھر میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری، ندی نالوں میں طغیانی، فصلیں تباہ

Lahore

Lahore

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، نارووال میں نالہ ڈیک میں ایک بار پھر طغیانی آنے سے درجنوں دیہات زیرآب آ گئے۔ شمالی وزیرستان، مینگورہ اور حویلی لکھا میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ نارووال میں سیلابی پانی ہسپتال پولیس اسٹیشن سمیت قلعہ احمد آباد میں پانی داخل ہو گیا۔ نالہ ڈیک میں طغیانی سے نارووال سیالکوٹ روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔

ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی پر ہر طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔ شمالی وزیرستان کے دریائے کانی گو میں طغیانی سے درجنوں گھر اور سیکڑوں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہے۔ طغیانی سے میرا نشاہ کو دتہ خیل سے ملانے والا رابطہ پل بھی بہہ گیا جس کے باعث دتہ خیل اور شوال کا وزیرستان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ مینگورہ میں بارش کے باعث برساتی نالہ بپھر گیا۔

سیلابی ریلے میں دو پل اور دو دکانیں بہہ گئیں۔ دریائے ستلج میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح بلند ہونے سے بیس دیہات زیر آب آ گئے۔ بہاولنگر میں دریائے ستلج میں پانی کے بہا میں اضافے سے دریائی بیلٹ پر موجود آبادیاں پانی کی زد میں آ گئی ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔

دریائے سندھ میں کوٹری بیراج جامشورو کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافے سے کچے کے علاقے ڈوبنے کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر پانی کے بہا میں اضافے کے بعد نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو نقل مکانی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔