اسلام آباد (نامہ نگار) تحریک نفاذ اردو پاکستان (تناپ) کے مرکزی ناظم اطلاعات و نشریات حافظ عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ تناپ ملک بھر میں نفاذ اردو کمیٹیوں کی تشکیل کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ کمیٹیوں میں سکولز و کالجز ،یونیورسٹیز اور مساجد و مدارس سمیت یونین کونسل اور تحصیل و ضلع کی سطح درجہ بندی کی گئی ہے۔مرکزی صدر عطاء الرحمن چوہان ،مرکزی معتمد سید مطاہر زیدی کی ہدایت پر یہ کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔ان کمیٹیوں کا بنیادی مقصد نفاذ اردو کی جدوجہد کو پہلے سے زیادہ مئوثر انداز سے چلانا ہے۔
آئین پاکستان، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا فرمان اور عدالت عظمیٰ کے 2015کے فیصلہ کی روشنی میں پوری قوم بشمول حکومت و عوام کے اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ملک میں قومی زبان اردو کو عزت دلانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کری
ں۔یہی وجہ ہے کہ تناپ نے مرکزی و صوبائی اور ضلع سطح کی تنظیم سازی کی تکمیل کے بعد یہ ضروری سمجھا ہے کہ معاشرے کے تمام طبقوں بشمول صحافی و وکلا برادری ،اساتذہ و طلبہ اور تاجربرادری و سیاسی و مذہبی زعماء کو اس اہم یک نکاتی ایجنڈہ پر متفق کیا جائے کہ ملک میں جاری ہمہ جہتی تقسیم و تفریق کا خاتمہ اس بات میں مضمر ہے کہ ملک میں اردو کو قانونی ،تعلیمی اور دفتری زبان کے طورپر رائج کیا جائے۔
تحریک نفاذ اردو پاکستان کے قائدین اس بات کا عزم کرچکے ہیں کہ قومی زبان کو عزت دلانے کے لیے ہرممکن فورم پر آواز بلندکی جائے گی اسی میں ملک و ملت کی تعمیر و ترقی کا راز پنہاں ہے۔