اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی انڈسٹری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا جبکہ مقامی صنعت کے فروغ کے لیے اس کی ترقی و پروموشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے غیر ضروری ایس آراوز کے خاتمے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس آر اوز کو ریشنلائز بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے ایس آر اوز کو ریشنلائزڈ بنانے کے لیے سخت محنت کی جارہی ہے، ایف بی آر کی ٹیم اس پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صنعت کے فروغ کے لیے اسکی ترقی و پروموشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، مقامی انڈسٹری کی ترقی میں انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کا کردار انتہائی اہم ہے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مقامی انڈسٹری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا اورمقامی انڈسٹری پر کوئی ایسا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا جس سے عام آدمی متاثر ہو۔ اجلاس میں وزیر خزانہ نے چیئرمین انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ مشینری اور اس سے متعلق دیگر اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے متعلقہ سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف بی آر کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔