لاہور (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں چند لوگوں کی بہت خوشامد اور چاپلوسی کی جارہی ہے حتیٰ کہ پرویز مشرف کے خوشامدی بھی موجود ہیں۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں رانا ثنا اللہ ، خواجہ آصف ، راجہ اشفاق سرور اور احسن اقبال سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، انتخابات 2018 کے حوالے سے لائحہ عمل وتیاریوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ انتخابات 2018 میں 3 ماہ رہ گئے ہیں اور ہمارے لئے اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے کا وقت آگیا ہے جو لوگ جماعت کے ساتھ مخلص ہیں وہ الیکشن کی تیاری کریں ہمیں آئندہ انتخابات میں ووٹ کو عزت دلوانی ہے اور ملک کے طول و ارض میں یہ پیغام پہنچانا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں چند لوگوں کی چاپلوسی اور خوشامد کی جارہی ہے حتٰی کہ پرویز مشرف کے خوشامدی بھی موجود ہیں، کیا ہم کسی اصول پر کھڑے نہیں ہوں گے، ہمیں اپنے بہتر مستقل کو سنوارنے کے لئے خامیوں کو دور کرنا ہوگا، اپنی سوچوں، ذہنوں اور فکر کو تبدیل کرنا ہوگا۔ گزشتہ 30 سال سے ہم اس حوالے سے کوئی اہم پیشرفت نہیں لاسکے اور اب پاکستان آبادی کے لحاظ سے 5ویں یا چھٹے نمبر ہے جس میں منتخب نمائندوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کا کردار قابل تعریف ہے، انہوں نے ملکی ترقی کے لئے عمدہ اور مؤثر کردار ادا کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں سڑکوں کے جال بچھا دیئے اور صحت اور تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے نئے اسپتال و کالجز بنائے اور ثابت کردیا کہ اگر دل میں عوام کی مخلوق کی قدر نہیں ہے تو کوئی منصب نہیں رکھنا چاہیے، لیکن دوسری جانب مخالفین پنجاب کی ترقی سے خوفزدہ ہوکر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔